Monday, 05 May 2025, 10:39:04 pm
 
شرپسند عناصر اپنے مذموم عزائم میں ہرگز کامیاب نہیں ہونگے،آرمی چیف
May 05, 2025

بری فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے خبردار کیا ہے کہ تشدد کو ہوا دینے، خوف وہراس پھیلانے اور بلوچستان کو غیر مستحکم کرنے والے شرپسند عناصر اپنے مذموم عزائم میں ہرگز کامیاب نہیں ہونگے۔

انہوں نے یہ بات پیر کے روز جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں پندرھویں قومی بلوچستان ورکشاپ کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

آرمی چیف نے کہا کہ حکومت بلوچستان کی سماجی واقتصادی صورتحال بہتر بنانے پر مسلسل توجہ دے رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جاری اور مستقبل کے اقدامات سے اس سلسلے میں پھیلائی جانے والی غلط معلومات کا تدارک کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ کئی ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات ملنا شروع ہوگئے ہیں جس سے بلوچستان کے عوام کو فائدہ ہورہا ہے۔

جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ غیر ملکی پشت پناہی میں ہونے والی دہشتگردی بلوچستان کی سلامتی اور ترقی کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے۔