پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے سرکاری و نجی شراکت داری کے تحت سڑکوں کے پانچ منصوبوں کا افتتاح کردیا۔
ان منصوبوں میں مریدکے- نارووال، شکرگڑھ - نارووال، فیصل آباد رنگ روڈ، فیصل آباد - ساہیانوالہ اور فیصل آباد - سمندری رجانہ سڑکیں شامل ہیں، جن سے صوبے کو بائیس ارب روپے کی آمدن متوقع ہے۔
ان سڑکوں پر الیکٹرانک ٹول پلازے قائم کیے جائیں گے، جبکہ نجی ٹھیکیدار نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے نظام کے ذریعے ٹول وصول کریں گے اور سات سال تک سڑکوں کی مرمت کا انتظام سنبھالیں گے۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بہاولپور یزمان، یزمان احمدپور شرقیہ، رائیونڈ چھانگا مانگا اور گجومتہ قصور سمیت مزید چار سڑکیں بھی نجی ٹھیکیداروں کے حوالے کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب پبلک پارٹنرشپ اتھارٹی صحت، صفائی ستھرائی، سیاحت، کوڑا کرکٹ سے توانائی تیار کرنے، ٹرانسپورٹ اور تعلیم کے شعبوں میں بھی منصوبے شروع کر رہی ہے، جن میں لاہور میں ٹائم ٹریول پارک، فیصل آباد میں جدید ٹرک ٹرمینل اور انتیس جامعات میں ہاسٹلز کی تعمیر شامل ہے۔