Tuesday, 03 November 2026, 11:42:16 pm
 
ایل پی جی شعبے میں مسابقت بڑھانے اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے اصلاحات کا اعلان
November 03, 2026

وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے ایل پی جی کے شعبے میں مسابقت کو فروغ دینے، قیمتوں میں شفافیت یقینی بنانے، اجارہ داری ختم کرنے اور کمزور طبقات کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اصلاحات کا اعلان کیا ہے۔

وہ اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ بھی ان کے ہمراہ تھے۔

وفاقی وزیر پٹرولیم نے کہا کہ حکومت کا مقصد جہاں ممکن ہو، پائپ لائنوں کے ذریعے قدرتی گیس کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔

کوٹہ سسٹم کے تحت تقسیم کا موجودہ طریقہ کار ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ مقامی طور پر تیار ہونے والی ایل پی جی اوگرا سے لائسنس یافتہ کمپنیوں میں پانچ سے دس ٹن کی شفاف نیلامی کے ذریعے تقسیم کی جائے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ توقع ہے کہ نئے انتظامات موسم سرما سے پہلے مکمل طور پر فعال ہو جائیں گے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ حکومت عوام پر کسی قسم کا اضافی بوجھ نہیں پڑنے دے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نے صارفین کو سہولت فراہم کرنے کے لیے مائع پٹرولیم گیس کے شعبے میں مسابقت کو فروغ دینے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔