وزیر تجارت جام کمال خان نے اسلامی ممالک کے درمیان اقتصادی روابط مضبوط بنانے اور تجارتی مالی معاونت تک رسائی بہتر بنانے پر زور دیا ہے۔
وہ آج استنبول میں اسلامی تعاون تنظیم کی اقتصادی و تجارتی تعاون کی قائمہ کمیٹی کے بیالیسویں اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔
وفاقی وزیر نے او آئی سی کے رکن ممالک کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی شراکت داری مضبوط بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ تجارتی روابط میں اضافے سے اسلامی دنیا میں مشترکہ خوشحالی کے وسیع مواقع پیدا ہو سکتے ہیں۔
وزیر تجارت نے کہا کہ پاکستان نے اپنے تجارتی نظام کو جدید بنانے، برآمدات سے متعلق خطرات کم کرنے اور نئی منڈیوں تک رسائی کے خواہاں کاروباری اداروں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے ہیں۔
جام کمال خان نے عالمی معیشت کو درپیش نئے چیلنجز کا حوالہ دیتے ہوئے ڈیجیٹل رابطے ، مصنوعی ذہانت اور پائیدار ترقی کے شعبوں میں قریبی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔
جام کمال خان نے او آئی سی کے رکن ممالک سے کہا کہ وہ وسیع تر اقتصادی تعاون، مضبوط تجارتی شراکت داری اور پائیدار خوشحالی کے لیے مل کر کام کریں۔