وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق، رانا تنویر حسین نے فی ایکڑ 70 من گندم کی پیداوار حاصل کرنے والے پاکستانی کسانوں کو سراہتے ہوئے اسے ملک کے زرعی شعبے کی ایک قابلِ ذکر کامیابی قرار دیا ہے۔
وہ فاطمہ فرٹیلائزر کے زیرِ اہتمام لاہور میں کسانوں کی شاندار کارکردگی کو سراہنے اور ان کی کامیابیوں کے اعتراف میں منعقدہ تقریب "سرسبز کی جیت" سے خطاب کر رہے تھے۔
رانا تنویر حسین نے کہا کہ فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ نہ صرف قومی غذائی تحفظ کو مضبوط بنائے گا بلکہ گندم کی برآمدات اور قیمتی زرمبادلہ کے حصول کے نئے مواقع بھی پیدا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی زرعی ترجیحات میں فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ، پیداواری لاگت میں کمی، کسانوں کی آمدنی میں بہتری اور قومی غذائی تحفظ کو مضبوط بنانا شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں حکومت نے جامع قومی گندم پالیسی متعارف کرائی ہے، جس میں گندم کی مجوزہ امدادی قیمت 4,500 روپے فی من مقرر کرنے اور قومی ضروریات کے تحفظ کیلئے 60 لاکھ میٹرک ٹن تک گندم کے اسٹریٹجک ذخائر برقرار رکھنے کی حکمت عملی شامل ہے۔