وزارت اطلاعات و نشریات نے واضح کیا ہے کہ اسلام آباد میں کوئی سڑک بند نہیں کی گئی۔
وزارت کے فیکٹ چیک کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے شہریوں کے جان و مال اور قانونی نقل و حرکت کے تحفظ کیلئے حفاظتی اقدام کے طور پر کنٹینرز رکھے گئے ہیں۔
احتیاطی سکیورٹی اقدامات کا مقصد ماضی میں مذکورہ جماعت کے پرتشدد طرز عمل کو مدنظر رکھتے ہوئے عوامی بنیادی ڈھانچے اور حساس تنصیبات کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
وزارت نے کہا کہ الجزیرہ نے ان اقدامات کو حقائق کو نظر انداز کرتے ہوئے یکطرفہ طور پر سڑکوں کی ناکہ بندی کے طور پر پیش کیا، جبکہ تمام سڑکیں کھلی ہیں اور عوامی نظم و نسق برقرار رکھنے کی ریاستی ذمہ داری سے متعلق احتیاطی عدالتی اور سکیورٹی پس منظر بھی موجود ہے۔
اس نے کہا کہ اس طرح کی جانبدارانہ رپورٹنگ دانستہ طور پر گمراہ کن اور منفی تاثر پیدا کرتی ہے۔ الجزیرہ کے جھوٹ اور پروپیگنڈے پر مبنی دعوے حقائق کا متبادل نہیں ہو سکتے۔