Thursday, 25 June 2026, 10:40:40 pm
 
نائب وزیراعظم کی یونان کے وزیر خارجہ سے ٹیلی فونک گفتگو
May 03, 2025

نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے یونان کے وزیر خارجہ جارج GERAPETRITIS سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔

اسحاق ڈار نے انہیں موجودہ علاقائی صورتحال سے آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان بھارت کے بے بنیاد الزامات، گمراہ کن اطلاعات کی مہم اور یکطرفہ غیر قانونی اقدامات کو یکسر مسترد کرتا ہے جن سے علاقائی امن و سلامتی اور استحکام شدید خطرات سے دوچار ہو گئے ہیں۔

نائب وزیراعظم نے بھارت کی طرف سے عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کرنے کے فیصلے کی شدید مذمت کی۔

انہوں نے خود مختاری اور قومی مفادات یقینی بناتے ہوئے علاقائی امن و استحکام کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے حقائق معلوم کرنے کیلئے پہلگام واقعے کی آزادانہ اور شفاف تحقیقات کی پاکستان کی پیشکش کو دہرایا۔

یونان کے وزیر خارجہ نے کشیدگی میں اضافے سے بچنے اور امن و استحکام کیلئے ہرممکن صبرو تحمل کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے واقعے کی غیرجانبدارانہ اور شفاف انکوائری کیلئے پاکستان کی تجویز کا خیرمقدم کیا۔

دونوں رہنمائوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریوں سمیت خصوصاً کثیر ملکی فورمز میں بدلتی ہوئی علاقائی اور عالمی صورتحال کے بارے میں قریبی رابطہ رکھنے پر اتفاق کیا۔