Friday, 26 June 2026, 12:15:30 am
 
ملک بھر میں 9 محرم الحرام کے جلوس پرُامن طریقے سے اختتام پذیر
June 25, 2026

ملک بھر میں 9 محرم الحرام کے جلوس پرُامن طریقے سے اختتام پذیر ہوگئے۔ 

پنجاب میں نویں محرم کی مناسبت سے پورے صوبے میں علم، تعزیہ اور ذوالجناح کے ماتمی جلوس نکالے گئے۔ لاہور میں مرکزی جلوس پانڈو سٹریٹ اسلام پورہ سے نکالا گیا۔

اس موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے اور تین سطحی سکیورٹی منصوبے پر عمل کیا گیا۔

عزاداروں کو شدید گرمی سے بچانے کے لیے جلوس کے راستوں پر اینٹی سموگ گنز کا استعمال اور پانی کا چھڑکاؤ کیا گیا۔

ملتان کے مختلف علاقوں میں بھی علم اور ذوالجناح کے متعدد جلوس برآمد ہوئے۔ جلوسوں کے شرکاء نے حضرت امام حسینؓ کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ تمام جلوسوں کے راستوں پر سکیورٹی اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔

بہاولپور میں نویں محرم کے سلسلے میں تیس ماتمی جلوس نکالے گئے اور ستتر مجالس ہوئیں۔

کمشنر بہاولپور ڈویژن کے مطابق بہاولپور ڈویژن میں دفعہ ایک سو چوالیس نافذ ہے جس کا مقصد کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے ماتمی جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی یقینی بنانا ہے۔

خیبرپختونخوا کی مختلف امام بارگاہوں سے نویں محرم کے کئی جلوس نکالے گئے۔ پشاور میں مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ ہال صدر روڈ سے برآمد ہوا۔ شہر میں امن عامہ قائم رکھنے کے لیے سخت حفاظتی اقدامات کیے گئے تھے۔

سکیورٹی وجوہات کی بنا پر بی آر ٹی سروس آج اور کل کے لیے معطل کی گئی ہے۔ ریسکیو 1122 سروس نے جلوس کے راستوں پر میڈیکل ریسپانس یونٹ بھی قائم کیا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں عزاداروں کو طبی امداد فراہم کی جا سکے۔

کربلا میں حضرت امام حسینؓ اور ان کے رفقاء کی جانب سے دی گئی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے سندھ میں بھی مختلف مقامات سے نویں محرم کے جلوس برآمد ہوئے۔ کراچی میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے نکالا گیا۔

مرکزی پولیس آفس میں قائم کردہ کنٹرول روم سے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے جلوس کی نگرانی کی گئی۔ سندھ پولیس نے مرکزی جلوس کی سکیورٹی کے لیے چھ ہزار سے زائد اہلکار اور عمارتوں پر سنائپرز تعینات کیے۔

گلگت بلتستان میں مختلف مقامات سے سخت حفاظتی انتظامات میں ماتمی جلوس نکالے گئے۔