Tuesday, 04 February 2025, 05:09:17 am
 
صدر آصف علی زرداری کل سے چین کا 5 روزہ دورہ کریں گے
February 03, 2025

صدر آصف علی زرداری کل (منگل) سے چین کا پانچ روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔

اپنے دورے کے دوران صدر بیجنگ میں ژی جن پنگ، وزیراعظم لی کیانگ اور دیگر سینئر چینی رہنمائوں سمیت چینی قیادت کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے۔

ملاقاتوں میں اقتصادی اور تجارتی تعاون پر خصوصی توجہ کے ساتھ پاکستان چین تعلقات کے مکمل دائرہ کار ، انسدادِ دہشت گردی اور سیکیورٹی تعاون، چین پاکستان اقتصادی راہداری اور مستقبل کے رابطے کے اقدامات شامل ہوں گے۔

صدر یہ دورہ چین کے صدر ژی جن پنگ کی دعوت پر کررہے ہیں۔

دونوں فریق عالمی اور علاقائی جغرافیائی سیاسی منظر نامے اور کثیرالجہتی فورمز پر دوطرفہ تعاون پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

چینی حکومت کی خصوصی دعوت پر صدر چین کے صوبے ہیلونگ جیانگ کے شہر ہاربن میں نویں ایشین ونٹر گیمز کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔

ایک بیان میں دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے کہا کہ یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان اعلی سطح کے تبادلوں کی روایت کو اجاگر کرتا ہے جو کہ دونوں ممالک کی ہمہ موسمی تذویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لیے گہری وابستگی کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بنیادی مفادات، سی پیک سمیت اقتصادی اور تجارتی تعاون کو آگے بڑھانے اور علاقائی امن، ترقی اور استحکام کیلئے اپنے مشترکہ عزم کو اجاگر کرنے کے لیے باہمی تعاون کا اعادہ کرتا ہے۔