Tuesday, 04 February 2025, 04:51:52 am
 
بزدلانہ کاروائیاں حکومت کے بلوچستان کی ترقی کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں، وزیرِاعظم
February 03, 2025

وزیراعظم شہبازشریف نے سیاسی قیادت اور قوم پر زور دیا ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اور ملک میں امن یقینی بنانے کیلئے متحد ہو جائیں۔

انہوں نے آج (پیر)  کوئٹہ میں امن و امان کی صورتحال کے بارے میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ یہ تقسیم یا سیاست کرنے کا نہیں بلکہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لانے کا وقت ہے۔

وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے یقین ظاہر کیا کہ پاکستان ایک پرامن ملک بن جائے گا۔

سی ایم ایچ کوئٹہ کے اپنے دورے کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے قلات میں دہشت گردوں کے خلاف دلیری سے لڑنے والے سکیورٹی فورسز کے جوانوں کے پختہ عزم و حوصلے کی تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے جوان ملک کیلئے اپنا مقدس لہو بہا رہے ہیں اور پوری قوم ان عظیم قربانیوں پر انہیں سلام پیش کرتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگرد بلوچستان کے امن، ترقی و خوشحالی کے دشمن ہیں، وہ نہیں چاہتے کہ بلوچستان کے لوگ خوشحال، نوجوان تعلیم یافتہ اور برسر روزگار ہوں۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ شر پسند عناصر کی بزدلانہ کاروائیاں حکومت کے بلوچستان کی ترقی کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں، عسکری قیادت، سپاہ سالار اور افواج پاکستان حکومت کے ساتھ مل کر پُرامن بلوچستان کیلئے دن رات کوشاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی کا سفر جاری و ساری رہے گا، صوبے میں صحت و تعلیم کی معیاری سہولیات، روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یوتھ پروگرام اور وزیرِاعظم لیپ ٹاپ سکیم کے ذریعے بلوچستان کے طلباء کو بااختیار بنایا جا رہا ہے، بلوچستان میں زراعت کی ترقی کیلئے زرعی ٹیوب ویلز کی سولرآئیزیشن کی گئی ہے، سی پیک کی تکمیل پر کام تیزی سے جاری ہے، گوادر ایئرپورٹ پر پروازوں کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔

محمد شہباز شریف نے امید ظاہر کی کہ گوادر بندرگاہ وسطی ایشیاء و جنوب مشرقی ایشیاء اور باقی دنیا کے ساتھ رابطہ بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔