داخلہ اورانسداد منشیات کے وزیر محسن نقوی نے ایک بین الاقوامی منشیات گروہ کے ہاتھوں پھنسے ایک معصوم خاندان کی رہائی کو یقینی بنانے میں انسداد منشیات فورس کی کوششوں کو سراہا ہے۔
یہ خاندان ہوائی اڈے پر منشیات کے گروہ کی جانب سے بیگ کاٹیگ تبدیل کرنے کے باعث اُ س کے جال میں پھنس گیاتھا۔
انسدادمنشیات فورس کی کوششوں کے نتیجے میں سعودی عرب میں حراست میں لیے گئے بے گناہ خاندان کے پانچ افراد کی واپسی ممکن ہوئی۔
وزیر داخلہ لاہور میں اس خاندان کی رہائش گاہ پر گئے اور انہیں رہائی اور بحفاظت وطن واپسی پر مبارکباد دی۔
انہوں نے کہا کہ انسداد منشیات فورس کی ٹیم نے دن رات کام کیا تاکہ بین الاقوامی گروہ کا سراغ لگاکر اصل مجرموں کو گرفتار کیا جا سکے۔
انہوں نے ان کے لئے خصوصی ایوارڈز کا بھی اعلان کیا۔
محسن نقوی نے سعودی حکومت کے تعاون کی بھی تعریف کی۔