وزیراعظم شہبازشریف نے گزشتہ ماہ کے مقابلے میں مہنگائی میں کمی کو خوش آئند قرار دیا ہے جو پچھلے نو سال کی کم ترین سطح پر آگئی ہے۔
انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ صارفین کے قیمتوں کے انڈیکس میں گزشتہ ماہ مہنگائی دو اعشاریہ چار فیصد تک کم ہوئی ہے، اس کے مقابلے میں یہ شرح گزشتہ سال دسمبر میں چار اعشاریہ ایک فیصد تھی۔
شہبازشریف نے کہا کہ مہنگائی میں بتدریج کمی خوش آئند ہے، کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں کمی سے عام آدمی کا معیار زندگی بہتر ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا مہنگائی میں کمی تمام شعبوں میں مثبت اشاریوں کو ظاہر کرتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ مہنگائی کی شرح میں کمی اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت کی معاشی پالیسیاں درست سمیت میں آگے بڑھ رہی ہیں۔
انہوں نے کہا حکومت مہنگائی میں مزید کمی عام شہریوں کا معیار زندگی بلند کرنے اور عوامی بہبود کو یقینی بنانے کیلئے انتھک محنت کررہی ہے۔
وزیراعظم نے کہا معاشی استحکام کے حصول کے بعد پاکستان اب معاشی ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے۔