مستقبل میں کمپیوٹر اور مصنوعی ذہانت کے کردار سے متعلق یونیورسٹی آف میانوالی میں دو روزہ انٹرنیشنل کانفرنس کا آغاز ہوگیا ہے۔
کانفرنس میں پاکستان کی جامعات کے ساتھ ساتھ مختلف ممالک کی جامعات کے پروفیسرز اور محققین شرکت کررہے ہیں۔
پہلے روز پاکستانی جامعات کے سکالرز سمیت برطانیہ ، فلپائن ، ترکی اور ابوظہبی کی جامعات سے آئے ہوئے کمپیوٹر ماہرین نے آنے والے وقت میں کمپیوٹر اور مصنوعی ذہانت کے کردار بارے مفصل گفتگو کی ۔
ماہرین کا کہنا تھا کہ جہاں مصنوعی ذہانت کے مثبت اثرات اور فوائد ہیں ، وہیں پر کافی خطرات بھی ہیں، پاکستان اور دیگر مسلم ممالک کو سائبر سکیورٹی کے حوالے سے اپنے آپ کو تیار کرنا ہوگا۔
یونیورسٹی آف میانوالی کے وائس چانسلر ڈاکٹر اسلام اللّٰہ خان نے آنے والے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کرکے یونیورسٹی کے سٹاف اور طلباء و طالبات کی حوصلہ افزائی کی ہے اور شرکاء کو مستقبل میں کمپیوٹر اور مصنوعی ذہانت کے کردار سے متعلق اہم معلومات فراہم کی ہیں۔