اس سال کی پہلی ملک گیر انسداد پولیو مہم کا باضابطہ آغاز ہو گیا ہے۔
پانچ سال سے کم عمر کے ساڑھے چار کروڑ سے زائد بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔
چار لاکھ سے زائد پولیو کارکنان قطرے پلانے کیلئے گھر گھر جائیں گے۔
خیبر پختونخوا میں پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے 65لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔
مجموعی طور پر چالیس ہزار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو گھر گھر جا کر ہر بچے کو انسداد پولیو کے قطرے پلانے کو یقینی بنائیں گی۔
پولیو ٹیموں کی فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے 50ہزار کے قریب سکیورٹی اہلکار پولیو ٹیموں کی سکیورٹی پر تعینات کئے جا رہے ہیں۔
دریں اثناء پنجاب میں صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے آج(پیر) لاہور میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر 2025 کی انسداد پولیو مہم کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا پنجاب میں مہم کے دوران دو کروڑ تینتیس لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔
دو لاکھ سے زائد پولیو کارکن ڈیوٹی دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع میں مہم چلائی جا رہی ہے۔
دریں اثناء وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کی مہم کا افتتاح کیا۔
مہم کے دوران پانچ سال کی عمر کے ایک کروڑ چھ لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔
مہم کے دوران صوبے میں اکیاسی لاکھ پولیو کارکن صوبے میں ڈیوٹی انجام دیں گے۔
مہم صوبے کے تمام اضلاع میں اتوار تک جاری رہے گی۔
ادھر کوآرڈینیٹر ایمرجنسی آپریشن سنٹر بلوچستان انعام الحق نے کہا کہ ہفت روزہ مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے چھبیس لاکھ سے زائد بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔