Monday, 02 November 2026, 03:06:22 pm
 
پاکستان نے شنگھائی تعاون تنظیم کے انٹربینک کنسورشیم کی صدارت سنبھال لی
November 02, 2026

پاکستان نے سال دوہزار چھبیس، دوہزار ستائیس کیلئے شنگھائی تعاون تنظیم کے انٹر بینک کنسورشیم کی صدارت سنبھال لی ہے۔

یہ پیشرفت ایسے موقع پر ہوئی ہے جب شنگھائی تعاون تنظیم کی صدارت بھی پاکستان کے پاس ہے جو علاقائی تجارت، سرمایہ کاری، مالیاتی روابط اور اقتصادی تعاون کے فروغ میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار کو ظاہر کرتی ہے۔

وزارت خزانہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان اقتصادی شراکت داری مضبوط بنانے، سرحد پار تجارت اور سرمایہ کاری میں سہولت فراہم کرنے اور علاقائی انضمام اور مشترکہ خوشحالی کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔