چین کی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے شعبہ بین الاقوامی امور کے وزیر لیو ہائی شینگ تین روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچے ہیں۔
اسلام آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ آمد پر سینیٹر انوشہ رحمان خان اور وزارت خارجہ کے ایشیاء بحرالکاہل امورکے ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر محمد فیصل نے اُن کاخیرمقدم کیا۔
چینی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے وزیر آج اسلام آباد میں پاکستانی قیادت سے ملاقات کریں گے اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطح کی تقریب کی مشترکہ صدارت کریں گے۔
یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان جاری اعلیٰ سطحی تبادلوں کا حصہ ہے جو دونوں ملکوں کی دیرینہ دوستی اورسدابہار تذویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کا عکاس ہے۔