Monday, 02 November 2026, 03:47:39 pm
 
پاکستان معاشی استحکام سے پائیدار ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے، وفاقی وزیر خزانہ
November 02, 2026

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کو ایسی مالیاتی جدت کی ضرورت ہے جو کاروبار کی لاگت کم کرے اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو باضابطہ معیشت کا حصہ بنانے میں مدد دے۔

وہ آج پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ڈیجیٹل اثاثوں اور بینکاری کے مستقبل کے موضوع پر ایک مکالمے سے ورچوئل خطاب کر رہے تھے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ ڈیجیٹل اثاثوں کو مالیاتی نظام میں اپنی جگہ بنانے کیلئے عوام و کاروبار کیلئے آسانیاں پیدا کرنے جیسے اقتصادی مقاصد کے حصول میں کردار ادا کرنا ہوگا۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان معاشی استحکام سے پائیدار ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے، جس کیلئے مسلسل مالیاتی نظم و ضبط، مضبوط برآمدات اور نجی سرمایہ کاری میں اضافے کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے ورچوئل اثاثہ جات ایکٹ مجریہ دو ہزار چھبیس کے ذریعے قانونی ڈھانچہ قائم کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب اگلا مرحلہ موثر نگرانی اور اداروں کے درمیان بہتر رابطہ کاری کے ذریعے اس پر موثر عمل درآمد یقینی بنانا ہے۔