Wednesday, 30 April 2025, 11:06:36 am
 
سلامتی کونسل کی رپورٹ سے افغانستان میں '' فتنہ الخوارج'' کے ٹھکانوں کی موجودگی کی تائید ہوگئی،دفترخارجہ
August 01, 2024

دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی تازہ ترین رپورٹ سے پاکستان کے اس موقف کی تائید ہوتی ہے کہ افغانستان میں '' فتنہ الخوارج'' کالعدم ٹی ٹی پی سمیت دہشت گرد گروپوں کے ٹھکانے اور پناہ گاہیں موجود ہیں۔

اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں دفترخارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ اس رپورٹ میں یہ نقطہ بھی موجود ہے کہ کالعدم ٹی ٹی پی علاقے کے لئے زیادہ بڑا خطرہ اور دیگر دہشت گرد گروپوں کیلئے سرپرست تنظیم ہوسکتی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ کی رپورٹ نشاندہی کرتی ہے کہ کالعدم ٹی ٹی پی کے کارندوں اور نئے بھرتی ہونیوالوں کو افغانستان میں تربیت دی جارہی ہے۔

ممتاز زہرہ بلوچ نے افغانستان پرزور دیا کہ وہ فتنہ الخوراج سمیت دہشت گرد تنظیموں کے خلاف فوری، موثر اور ٹھوس کارروائی کرے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان اس بات کو یقینی بنائے کہ اس کی سرزمین پاکستان کے اندر دہشت گردانہ سرگرمیوں کیلئے استعمال نہ ہو۔

حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کی ایران میں شہادت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ خود مختار ریاستوں کے اندر کسی کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قانون اور عالمی اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ اسرائیل کو اپنے اقدامات اور خلاف ورزیوں پر ہر صورت قابل احتساب بنانا چاہیے۔

 ترجمان نے بھارت پرزوردیا کہ وہ پانچ اگست دو ہزار انیس کے بعد اٹھائے گئے اپنے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات واپس لے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو تنازع جموں و کشمیر کے پر امن حل کے لئے سا زگار ماحول پیدا کرنے کے لئے ضروری اقدامات کرنے چاہئیں۔