Saturday, 25 July 2026, 02:15:48 am
 
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھارت میں غیر ملکی فنڈنگ قوانین پر تشویش کا اظہار کر دیا
July 24, 2026

عالمی ادارے ''ایمنسٹی انٹرنیشنل'' سمیت آٹھ انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھارت سے ''فارن کنٹری بیوشن ریگولیشن ایکٹ '' کے قواعد میں حالیہ ترامیم واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق بھارت کے نئے غیر ملکی فنڈنگ قوانین سول سوسائٹی کی تنظیموں پر سخت نگرانی کو فروغ دیتے ہیں اور تنظیم سازی کی آزادی کے حق کو محدود کرتے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انسانی حقوق، پالیسی تحقیق، عوامی آگاہی، قانونی اصلاحات اور حکومتی احتساب پر کام کرنے والی ہزاروں تنظیمیں ان قوانین سے متاثر ہوں گی۔

رپورٹ کے مطابق بھارت کے یہ قوانین بین الاقوامی اصولوں سے متصادم ہیں اور ان کے ذریعے غیر سرکاری تنظیموں پر غیر ضروری اور حد سے زیادہ پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا کہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران بھارتی حکومت نے 22 ہزار 498 انسانی حقوق اور سماجی شعبے کی تنظیموں کی رجسٹریشن منسوخ کر کے انہیں کام سے روک دیا۔

رپورٹ میں یاد دلایا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے بھی 2016 میں این جی اوز پر عائد پابندیوں سے متعلق قوانین ختم کرنے کا مطالبہ کر چکے ہیں۔

ان کے مطابق بھارتی حکومت ان قوانین کو تنقیدی آوازوں اور غیر سرکاری تنظیموں کو محدود کرنے کیلئے استعمال کر رہی ہے، جبکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ مالیاتی شفافیت کے نام پر بنائے گئے یہ قوانین دراصل سول سوسائٹی کو کنٹرول کرنے کا ذریعہ بن چکے ہیں۔