ترک میڈیا رپورٹس کے مطابق ترک انٹیلی جنس نے افغانستان کے سرحدی علاقے کے قریب ایک کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم داعش خراسان سے وابستہ ایک اہم رہنما کو گرفتار کیا ہے۔
اناطولیہ ایجنسی کے مطابق گرفتار کیے گئے شخص کی شناخت داعش خراسان کے میڈیا چیف احمد قازانجی کے طور پر کی گئی ہے، جو مبینہ طور پر تنظیم کے پروپیگنڈا، تربیتی سرگرمیوں اور دیگر مواصلاتی امور کی نگرانی کرتا تھا۔
رپورٹس کے مطابق گرفتار رہنما نے دورانِ تفتیش تنظیم کے لیے پروپیگنڈا اور تخریبی سرگرمیوں میں کردار ادا کرنے کا اعتراف بھی کیا ہے۔
ادھر افغانستان کی سرزمین پر کالعدم تنظیموں کی موجودگی اور ان کی سرگرمیوں کے حوالے سے علاقائی اور عالمی سطح پر مختلف خدشات کا اظہار کیا جاتا رہا ہے۔
پاکستان نے بھی متعدد مواقع پر اقوام متحدہ اور دیگر عالمی فورمز پر اس بات کی نشاندہی کی ہے کہ بعض دہشت گرد گروہ خطے میں اپنی سرگرمیوں کے لیے افغان سرزمین استعمال کر رہے ہیں۔ پاکستان کے اقوام متحدہ میں مستقل مندوب کے مطابق داعش، القاعدہ اور دیگر کالعدم تنظیموں کی موجودگی خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہے۔