Wednesday, 24 June 2026, 07:45:18 am
 
امریکا ایران امن معاہدہ پاکستان کی بڑی کامیابی،بھارتی کانگریس مودی سرکارپربرس پڑی
June 19, 2026

ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی اور امن معاہدے میں پاکستان کے کردار کو عالمی اور علاقائی سطح پر اہم سفارتی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ بھارت میں اس پیش رفت پر مودی حکومت کو تنقید کا سامنا ہے۔

بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس اور مختلف میڈیا حلقوں نے پاکستان کی سفارتی کامیابی اور اس کے عالمی سطح پر اعتراف کو مودی حکومت کی خارجہ پالیسی کی ناکامی قرار دیا ہے۔

بھارتی جریدے''دی ٹریبیون'' کے مطابق کانگریس کے جنرل سیکرٹری جے رام رمیش نے کہا ہے کہ ایران امریکا امن معاہدے کو "اسلام آباد مفاہمتی یادداشت" قرار دیا جانا خطے میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی اہمیت اور عالمی اثرورسوخ کا مظہر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معاہدے کو اسلام آباد کے نام سے منسوب کیا جانا پاکستان کے مضبوط ہوتے سفارتی کردار کی نشاندہی کرتا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مغربی ایشیا کے سیاسی اور سیکیورٹی منظرنامے میں پاکستان کا بڑھتا ہوا اثرورسوخ بھارت کے لیے باعث تشویش بنتا جا رہا ہے۔ بعض مبصرین نے یہ بھی کہا ہے کہ خطے میں بعض پالیسیوں کی حمایت بھارت کے اپنے مفادات کے لیے نقصان دہ ثابت ہو رہی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ حالیہ پیش رفت نے پاکستان کے فعال سفارتی کردار کو اجاگر کیا ہے، جبکہ بھارت کو سفارتی اور بین الاقوامی سطح پر بڑھتے ہوئے چیلنجز کا سامنا ہے۔ ان کے مطابق پاکستان کو سفارتی تنہائی کا شکار کرنے کے دعوے کرنے والی مودی حکومت آج خود کئی اہم معاملات میں دبا کا سامنا کرتی دکھائی دے رہی ہے۔