Thursday, 03 April 2025, 06:48:48 am
 
جموں وکشمیر کے ضلع کپواڑہ میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں ایک اور نوجوان شہید
March 17, 2025

بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر کے ضلع کپواڑہ میں آج بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں ایک نوجوان کو شہید کردیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نوجوان کو ضلع کے علاقے ZACHALDAR میں پرتشدد کارروائی کے دوران شہید کیاگیا۔

ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ پرزوردیا ہے کہ وہ مقبوضہ علاقے کے بگڑتی صورتحال کا فوری نوٹس لے۔

حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سری نگر میں ایک بیان میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتو نیو گوتریز سے کہاکہ وہ جنوبی ایشیاء میں ممکنہ جوہری تصادم سے بچنے کیلئے مسئلہ کشمیر کے فوری حل کیلئے مداخلت کریں۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما نے کہا کہ بھارت حق خودارادیت کیلئے کشمیریوں کی جائز جدوجہد کو جابرانہ ہتھکنڈ وں کے ذریعے دبانے کی کوشش کررہا ہے تاہم وہ اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوگا ۔

انہوں نے مزید کہاکہ بھارت کے جاری قبضے کشمیر کے عوام کے حقوق کی خلاف ورزی، حریت رہنمائوں کی غیرقانونی نظر بندی، انسانی حقوق کی خلاف ورزی سے جنوبی ایشیا کے خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہورہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ بھارت فورسز نے مقبوضہ علاقے کو دہشت گردی کاخطہ بنادیا ہے۔