نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایشیا میں بات چیت اور اعتماد سازی کے اقدامات کے ذریعے امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کیلئے ایشیا میں روابط اور اعتماد سازی کے اقدامات سے متعلق کانفرنس(سیکا) اور اس کی کوششوں کیلئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
وہ آج اسلام آباد میں ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کے تیسویں اجلاس کے موقع پر سیکا کے سیکرٹری جنرل سفیر سلطان حاجیف سے گفتگو کر رہے تھے۔
اس موقع پر سیکرٹری جنرل نے بات چیت کے فروغ اور کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کی کوششوں اور تعمیری کردار کو سراہا۔
انہوں نے ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کے تیسویں اجلاس کیلئے پرتپاک مہمان نوازی اور بہترین انتظامات پر پاکستان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
فریقین نے علاقائی امن اور خوشحالی کے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے سیکا کے تحت مسلسل رابطے اور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔