خیبرپختونخوا کے امور کے لیے وزیراعظم کے رابطہ کار اختیار ولی نے کہا ہے کہ حکومت صوبے میں قانونی کان کنی کے لیے جامع پالیسی مرتب کر رہی ہے۔
انہوں نے آج نوشہرہ میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی زیرقیادت حکومت کوہاٹ میں سونے کی غیر قانونی کان کنی میں ملوث تھی، جس کے ثمرات دہشتگرد کمانڈروں کے ساتھ بھی تقسیم کیے جاتے تھے۔
اختیار ولی نے سابق حکومت کے دور میں جرائم اور دہشت گردی کے گٹھ جوڑ کو بے نقاب کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ غیر قانونی طور پر نکالے گئے سونے کا تقریباً اسی فیصد افغانستان بھیجا جاتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ سابق حکومت کے سرکاری عہدے داروں نے یوتھ کمیٹی کو غیر قانونی کان کنی کیلئے استعمال کیا۔
اختیار ولی نے واضح کیا کہ سونے کی غیر قانونی کان کنی میں ملوث تمام افراد کے خلاف مقدمات چلائے جائیں گے اور کسی کو بھی احتساب سے نہیں بچنے دیا جائے گا۔
انہوں نے صوبے سے غیر قانونی کان کنی کے نیٹ ورک کے خاتمے کا عزم ظاہر کیا۔