نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے رکن ممالک کے درمیان علاقائی تعاون، روابط اور اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
وہ آج اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس کے موقع پر تنظیم کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر اسد مجید خان سے گفتگو کر رہے تھے۔
اسحاق ڈار نے تنظیم کی صدارت کے دوران پاکستان کی ترجیحات کو اجاگر کیا اور اگلے سال اقتصادی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کی میزبانی کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
سیکرٹری جنرل نے وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس کے انعقاد کے لیے پاکستان کے بہترین انتظامات، مہمان نوازی اور مؤثر رابطہ کاری کو سراہا۔
دونوں فریقوں نے پاکستان کی صدارت کے دوران طے شدہ اقدامات پر مؤثر عمل درآمد اور علاقائی ترقی و خوشحالی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے پاکستان اور اقتصادی تعاون تنظیم کے سیکرٹریٹ کے درمیان قریبی روابط برقرار رکھنے کی اہمیت پر اتفاق کیا۔