وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، دنیا کے پانچ سو بااثر مسلمانوں کی تازہ فہرست میں مشترکہ طور پر سرفہرست قرار پائے ہیں۔
اس فہرست میں سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان بھی ان کے ساتھ سرفہرست ہیں۔
یہ سالانہ فہرست اردن کے دارالحکومت عمّان میں قائم تحقیقی ادارے رائل اسلامک اسٹریٹجک سٹڈیز سینٹر نے مرتب کی ہے۔
وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا ہے کہ یہ ہر پاکستانی کے لیے شکرگزاری کا لمحہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ معرکہ حق سے عالمی سفارت کاری تک ہم نے یہ سفر مل کر طے کیا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ اعزاز ہمارے شہدا کی قربانیوں اور قوم کے اتحاد کیلئے ایک خراجِ تحسین ہے۔
ایک الگ بیان میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بھی دنیا کے پانچ سو بااثر مسلمانوں کی فہرست میں نمایاں مقام حاصل کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کو خراجِ تحسین پیش کیا۔