Tuesday, 01 September 2026, 10:51:38 am
 
پاکستان اور ایران کا باہمی تعلقات مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور
August 31, 2026

وزیراعظم شہباز شریف نے خطے میں دیرپا امن اور استحکام کے حصول کے لیے تحمل اور مسلسل سفارتی رابطوں کی اہمیت پر زور دیا ہے۔

انہوں نے یہ بات آج جمہوریہ کرغزستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کی سربراہانِ مملکت کونسل کے اجلاس کے موقع پر بشکیک میں ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کے دوران کہی۔

وزیراعظم نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت طے شدہ مفاہمت پر عمل درآمد آگے بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ یہ خطے میں پائیدار امن کے لیے واحد قابلِ عمل راستہ ہے۔

دونوں رہنماؤں نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

شہباز شریف نے پاکستان کی جانب سے خطے میں امن کے قیام کے لیے مخلصانہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا حالیہ دورۂ تہران اور وہاں ان کی تعمیری ملاقاتیں اس سلسلے میں مثبت پیش رفت ہیں۔

دونوں رہنماؤں نے دوستانہ ماحول میں ہونے والی ملاقات کے دوران پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی اور دیرینہ تعلقات کی اہمیت کا اعادہ کیا۔

صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے خطے میں امن اور سلامتی کے لیے پاکستان کی مسلسل سفارتی کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے پاکستان اور ایران کے درمیان مشترکہ تاریخ، ثقافت اور مذہب پر مبنی صدیوں پر محیط پائیدار تعلقات کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا اور مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کی ایران کی بھرپور خواہش کا اعادہ کیا۔