Tuesday, 01 September 2026, 10:51:46 am
 
وزیراعظم کا ازبکستان کے ساتھ تزویراتی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ
August 31, 2026

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ازبکستان کے ساتھ تزویراتی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے بہترین سیاسی تعلقات کو عوام کے لیے ٹھوس معاشی فوائد میں تبدیل کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کے اجلاس کے موقع پر جمہوریہ ازبکستان کے صدر شوکت مرزیایوف سے ملاقات کے دوران کیا۔

وزیراعظم نے فروری 2026 میں صدر مرزیایوف کے دورۂ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس دورے اور اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک تعاون کونسل کے پہلے اجلاس نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تزویراتی شراکت داری کو نئی رفتار فراہم کی ہے۔

وزیراعظم نے قیادت کی سطح پر کیے گئے فیصلوں، خصوصاً تجارت، سرمایہ کاری، علاقائی رابطوں اور اقتصادی تعاون سے متعلق فیصلوں پر بروقت عمل درآمد کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے 2029 تک دوطرفہ تجارت کا حجم 2 ارب امریکی ڈالر تک بڑھانے کے مشترکہ ہدف کا اعادہ کرتے ہوئے توسیع شدہ ترجیحی تجارتی معاہدے پر مؤثر عمل درآمد، کاروباری سطح پر روابط میں اضافے اور باہمی مفاد پر مبنی مشترکہ منصوبوں کے فروغ کی اہمیت کا ذکر کیا۔

علاقائی رابطوں کو مشترکہ اسٹریٹجک ترجیح قرار دیتے ہوئے وزیراعظم نے ازبکستان، افغانستان، پاکستان ریلوے منصوبے کی اہمیت اجاگر کی، جو وسطی اور جنوبی ایشیا کو باہم منسلک کرنے اور ازبکستان کو پاکستان کی بندرگاہوں تک رسائی فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔

انہوں نے مشترکہ فزیبلٹی اسٹڈی پر جلد پیش رفت اور پہلے سے موجود کثیرالجہتی ٹرانسپورٹ راہداریوں کے زیادہ سے زیادہ استعمال پر زور دیا۔ وزیراعظم نے ازبک تجارت کے لیے پاکستان کی بندرگاہوں اور ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کے ذریعے ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

دونوں رہنماؤں نے صنعت، زراعت، ادویہ سازی، ٹیکسٹائل، کان کنی، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، تعلیم، ثقافت، دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم نے فضائی رابطوں میں اضافے، بالخصوص تاشقند، کراچی براہ راست پروازوں کے حوالے سے پیش رفت کی بھی حمایت کی۔

وزیراعظم نے شنگھائی تعاون تنظیم کی کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کی آئندہ پاکستان کی صدارت کے لیے ازبکستان کی حمایت کو سراہا اور علاقائی سلامتی، رابطوں، تجارت اور پائیدار ترقی کے لیے ازبکستان کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

انہوں نے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) اور دیگر کثیرالجہتی فورمز میں بھی مسلسل تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

ملاقات میں وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔