File photo
بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما
میر واعظ عمر فاروق نے کشمیری مسلمانوں کے مذہبی حقوق پر مسلسل پابندیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سری نگر میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے میر واعظ نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی مذہبی، ثقافتی اور تاریخی شناخت کو مٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سری نگر کی تاریخی جامع مسجد اور عیدگاہ میں ایک بار پھر عید کی نماز ادا کرنے کی اجازت نہیں دی گئی انہوں نے قابض انتظامیہ کے اس اقدام کو انتہائی تکلیف دہ قرار دیا۔
میر واعظ عمر فاروق نے کہا کہ صورتحال اس وقت اور بھی تکلیف دہ ہو جاتی ہے جب لوگوں کو اس طرح کی ناانصافیوں کے خلاف آواز اٹھانے کی اجازت نہیں دی جاتی اور انہیں پابندیوں، دھمکیوں اور گرفتاریوں کے ذریعے خاموش کرانے کی کوشش کی جاتی ہے۔
انہوں نے مقبوضہ علاقے میں نیشنل کانفرنس کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مذہبی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف آواز اٹھانا ان کی بنیادی ذمہ داری ہے۔