پاکستان نے کہا ہے کہ اگست 2021 میں امریکی فوجیوں کے انخلاء کے بعد افغانستان میں جدید ہتھیاروں کی موجودگی کا پایا جانا ایک سنجیدہ مسئلہ ہے جو کہ پاکستان اور اُس کے شہریوں کے تحفظ اور سلامتی کیلئے تشویش کا باعث ہے ۔
دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے افغانستان میں پائے جانے والے جدید ہتھیاروں کو واپس لینے پر مبنی امریکی خبروںپر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہتھیار ٹی ٹی پی سمیت دہشت گرد تنظیمیں پاکستان میں دہشت گردانہ حملوں میں استعمال کرتی رہی ہیں۔
شفقت علی خان نے کہا کہ ہم افغانستان کےحکام سے بارہا مطالبہ کر چکے ہیں کہ اِن ہتھیاروں کے غلط ہاتھوں میں نہ جانے کو یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں۔