پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت کو اپنے ہتھیاروں کی منتقلی کے علاقائی استحکام اور اس کی بالا دستی والے عزائم کو ہوا دینے پر پڑنے والے غیر مستحکم اثرات کو ذہن میں رکھے۔
آج اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے پاکستان اور دیگر ممالک کے اندر ٹارگٹ کلنگ میں بھارت کے ملوث ہونے پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔
ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ جموں و کشمیر تنازعہ کے بارے میں پاکستان کا موقف بالکل واضح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عالمی برادری کی توجہ بھارت کی طرف سے کشمیریوں کے خلاف کی جانے والی بہیمانہ کارروائیوں کی طرف مبذول کراتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں شفقت علی خان نے کہا کہ غزہ کے لوگوں کو بے گھر کرنے کی تجویز انتہائی پریشان کن اور غیر منصفانہ ہے۔
نئی امریکی انتظامیہ کے ساتھ رابطوں کے بارے میں پوچھے جانے پر ترجمان نے کہا کہ ہم امریکہ کے ساتھ متعدد سطحوں پر رابطے میں ہیں۔