اسلامی تعاون تنظیم(اوآئی سی) نے بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ ان کے حق خودارادیت کے حصول کے لئے مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا ہے۔
او آئی سی کے جنرل سیکرٹریٹ نے ایک بیان میں بھارت پر زور دیا کہ وہ پانچ اگست دو ہزار انیس کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات اور اس کے بعد کئے گئے غیر قانونی اقدامات روک دے اور انہیں واپس لے جو اس نے بین الاقوامی طورپر تسلیم شدہ متنازعہ علاقے کی حیثیت میں تبدیلی اور مقبوضہ علاقے کی آبادیاتی ساخت تبدیل کرنے کے لئے کئے ہیں۔
جنرل سیکرٹریٹ نے جموں و کشمیر کے باشندوں کے بنیادی انسانی حقوق کے احترام کا مطالبہ کیا ہے۔
جنرل سیکرٹریٹ نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر کا مسئلہ حل کرنے کی کوششیں تیز کرے۔