Wednesday, 26 February 2025, 08:19:46 pm
 
پاکستان اور ازبکستان کادوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ
February 26, 2025

پاکستان اور ازبکستان نے تجارت، سرمایہ کاری، علاقائی روابط، توانائی، کان کنی، ثقافت اور زراعت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

اس عزم کا اظہار بدھ کو تاشقند میں وزیر اعظم شہباز شریف اور ازبکستان کے صدر شوکت مرز ایوف کی مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تاریخی اور ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعاون کو بڑھانے کے لیے نئی راہیں کھولنے کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان مضبوط شراکت داری کو دونوں ممالک اور پورے خطے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے سود مند قرار دیا۔

موجودہ حکومت کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان کی معیشت واقعی بہتر ہو رہی ہے۔ مہنگائی کی شرح 2.4 فیصد پر آگئی، شرح سود 12 فیصد تک گر گئی، برآمدات بالخصوص آئی ٹی کی برآمدات بڑھ رہی ہیں اور اب پاکستان معاشی ترقی کے ہدف کی طرف بڑھ رہا ہے۔

وزیر اعظم نے ازبک صدر کو ٹرانس افغان ریلوے منصوبے کے قیام کے ہدف کے حصول کی یقین دہانی بھی کرائی اور اسے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے لیے گیم چینجر قرار دیا۔

اپنے ریمارکس میں صدر شوکت مرز ایوف نے ازبکستان کے دورے اور نتیجہ خیز مذاکرات کرنے پر وزیر اعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے نتیجہ خیز مذاکرات کیے اور باہمی اہداف کے حصول کے لیے اپنے منصوبہ بند روڈ میپ کی منظوری دی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جدید ریاست ہماری آزمائشی اتحادی اور شراکت دار ہے جس کی بین الاقوامی ساکھ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

ازبکستان کے صدر نے شہباز شریف کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم شہباز عالمی چیلنجز کے باوجود امن و استحکام کو یقینی بنانے، پاکستانی عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے اور اقتصادی ترقی کی رفتار کو تیز کرنے کے لیے زبردست کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ازبکستان اور پاکستان کے درمیان تعلقات متحرک طور پر ترقی کر رہے ہیں۔

ازبکستان کے صدر نے کہا کہ بین الحکومتی کمیشن موثر طریقے سے کام کر رہا ہے، سیاسی مشاورت، جبکہ کاروباری تقریبات اور قومی مصنوعات کی نمائشیں کامیابی سے منعقد کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمپنیوں کا ایک بڑا وفد بھی ان دنوں ازبکستان کا دورہ کر رہا ہے جس میں شراکت داری کے معاہدوں اور مختلف صنعتوں کی ترقی پر بات چیت کی جا رہی ہے۔

شوکت مرز ایوف نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کا دورہ ازبکستان ہماری سٹریٹجک شراکت داری میں توسیع کے نئے باب کا آغاز کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی دیرینہ دوستی کے بندھن کو مضبوط بنانے کے اپنے پختہ عزم کی تصدیق کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان ازبکستان ہائی لیول اسٹریٹجک کونسل کے قیام پر بھی اتفاق کیا۔

افغانستان کی موجودہ صورتحال کی طرف رجوع کرتے ہوئے، ازبکستان کے صدر نے کہا کہ ہم افغانستان کی سماجی ترقی اور مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے مشترکہ تعاون کے حوالے سے ایک جیسا نقطہ نظر رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ٹرانس افغان ریلوے منصوبے پر ایک الگ کمیٹی قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

ازبک صدر نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے دورہ پاکستان کی دعوت بھی قبول کرلی۔