Wednesday, 26 February 2025, 04:51:30 pm
 
وزیراعظم شہبازشریف دو روزہ دورے پرتاشقند پہنچ گئے
February 25, 2025

وزیراعظم محمد شہباز شریف ازبکستان کے دو روزہ سرکاری دورے پر تاشقند میں ہیں۔

تاشقند آمد پر ازبکستان کے وزیراعظم عبداللہ عاریپوف نے ان کا استقبال کیا، ازبک مسلح افواج کے ایک چاق و چوبند دستے نے وزیراعظم کو سلامی پیش کی۔

وزیراعظم ازبکستان کے صدر شوکت مرزیایوف سے دوطرفہ ملاقات کریں گے، بات چیت میں علاقائی روابط، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، دفاع، سلامتی، علاقائی استحکام اور تعلیم کے شعبوں میں پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تعاون کو فروغ دینے پر غورکیا جائے گا، دونوں رہنما باہمی دلچسپی کے عالمی اور علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

فریقین مفاہمت کی یادداشتوں اور دوطرفہ تعاون کے معاہدوں پر بھی دستخط کریں گے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف پاکستان ازبکستان بزنس فورم سے خطاب کریں گے جس کا مقصد دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری پر مبنی تعلقات کو فروغ دینا ہے، اس کے علاوہ وہ ازبکستان کی تعمیراتی صنعت کے مشاہدے کیلئے تاشقند میں ٹیکنوپارک کا دورہ بھی کریں گے۔

نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ محمد اسحاق ڈار،وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیر تجارت جام کمال خان، وزیرسرمایہ کاری، نجکاری عبدالعلیم خان اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔