وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ آزادانہ صحافت جمہوریت کا اہم حصہ ہے اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت آزادی اظہار رائے پر مکمل یقین رکھتی ہے۔
انہوں نے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے نومنتخب عہدیداروں کو ایک تہنیتی پیغام میں افضل بٹ کو یونین کا صدر، ارشد انصاری کو سیکرٹری جنرل اور سعید جان کو فنانس سیکرٹری منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس نے ہمیشہ صحافیوں کے حقوق کیلئے آواز بلند کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے نومنتخب نمائندوں کا انتخاب صحافیوں کی لگن اور عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے امید ظاہر کی کہ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس صحافیوں کے حقوق کے تحفظ اور ذمہ دارانہ صحافت کے فروغ کیلئے فعال کردار ادا کرتی رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو درپیش مسائل کا حل موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔