پاکستان نے پرامن جوہری ٹیکنالوجی تک منصفانہ اور بلا امتیاز رسائی پر زور دیا ہے۔
یہ بات نیویارک میں اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن کے قونصلر سید عاطف رضا نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں جوہری توانائی کے بین الاقوامی ادارے کی رپورٹ پر بحث کے دوران کہی۔
انہوں نے کہا کہ جوہری عدم پھیلائو کے مقاصد کے حصول کیلئے جوہری سائنس و ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال میں بین الاقوامی تعاون کی راہ میں رکاوٹیں نہیں ڈالنی چاہئیں۔
قونصلر نے پرامن مقاصد کیلئے جوہری توانائی کے استعمال کو فروغ دینے کیلئے جوہری توانائی کے بین الاقوامی ادارے اور دیگر رکن ممالک کے ساتھ شراکت داری مضبوط بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔