Wednesday, 23 September 2026, 03:40:42 am
 
وزیر اطلاعات کا خیبرپختونخوا حکومت پر ترقی اور عوامی بہبود پر توجہ دینے پر زور
September 22, 2026

وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے خیبرپختونخوا حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ صوبے میں ترقی اور عوامی بہبود پر زیادہ توجہ دے۔

انہوں نے آج پشاور پریس کلب میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سرکاری وسائل پر عوام کا حق ہے جنہیں مظاہروں کے بجائے عوامی بہبود پر صرف کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کو انسداد دہشت گردی کے دوران این ایف سی ایوارڈ کے تحت ہر سال اس کا حصہ ملتا رہا ہے۔

عطاء اللہ تارڑ نے اس امر پر زور دیا کہ جاں بحق ہونے والے صحافیوں اور میڈیا کارکنان کے ورثا پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پشاور میں صحافیوں کے لیے صحت کا بیمہ بھی متعارف کرانا چاہیے۔

سیاسی صورتحال کے حوالے سے عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان سے ٹیلی فون پر بات کی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ شہریوں کی نقل و حرکت میں کوئی رکاوٹ نہیں آنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ صرف ایک دھرنے سے تاجروں کو ایک سو بیس ارب روپے تک کا نقصان پہنچ سکتا ہے۔