گندم کی درآمد سے متعلق کمیٹی کا ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس اسلام آباد میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی صدارت میں ہوا۔
اجلاس میں ملک میں گندم کے موجودہ ذخائر، متوقع طلب، رسد اور ترسیل کے نظام کا جامع جائزہ لیا گیا اور تمام صوبوں میں گندم کی دستیابی اور قیمتوں میں توازن یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات پر توجہ دی گئی۔
اسحاق ڈار نے منڈی میں اتار چڑھاؤ سے مقامی صارفین کو محفوظ رکھنے کے لیے غذائی تحفظ کے مؤثر انتظامات برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے متعلقہ وفاقی اور صوبائی حکام کو قریبی روابط برقرار رکھنے، ضرورت کے مطابق درآمدی طریقہ کار آسان بنانے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کے لیے ملک بھر میں گندم کی بلا تعطل ترسیل یقینی بنانے کی ہدایت کی۔