Thursday, 22 October 2026, 03:50:19 am
 
پاکستان اور مالدیپ کا دوطرفہ تجارت دو سال میں 20 کروڑ ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق
October 21, 2026

پاکستان اور مالدیپ نے آئندہ دو سال میں دوطرفہ تجارت کا حجم ایک کروڑ چونتیس لاکھ ڈالر سے بڑھا کر بیس کروڑ ڈالر تک لے جانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

اس عزم کا اظہار وزیراعظم شہباز شریف اور مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو کے درمیان آج اسلام آباد میں وفود کی سطح پر بات چیت کے دوران کیا گیا۔

بات چیت کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری، سیاحت، تحفظِ خوراک، دواسازی اور نجی شعبے کی شراکت داری بڑھانے پر اتفاق کیا۔

انہوں نے فضائی اور بحری رابطے بہتر بنانے اور مشترکہ اقتصادی کمیشن کا اجلاس جلد بلانے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مالدیپ کے ساتھ دیرینہ برادرانہ تعلقات مزید مضبوط بنانے اور اس کی قومی ترقی کی ترجیحات میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے مالدیپ کو ضروری غذائی اشیا اور ادویات کی فراہمی کے لیے پاکستان کی آمادگی کا اعادہ کیا، جو دونوں حکومتوں کے درمیان براہِ راست انتظامات کے ذریعے ممکن بنائی جائے گی۔

وزیراعظم نے مالدیپ کے طلبہ کے لیے ہر سال مزید 20 انڈرگریجویٹ اسکالرشپس دینے کا اعلان کیا اور صحت کے شعبے میں تعاون، پیشہ ورانہ تربیت اور اداروں کی استعداد بڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

علاقائی اور عالمی امور پر گفتگو کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے امن، مذاکرات، خودمختاری کے احترام اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے فلسطین کے معاملے پر مالدیپ کے اصولی موقف کو سراہا اور جموں و کشمیر کے تنازع، سندھ طاس معاہدے اور علاقائی سلامتی کی صورتحال سے متعلق پاکستان کا موقف بھی پیش کیا۔

دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے 20 مفاہمتی یادداشتوں کے تبادلے کا مشاہدہ کیا۔ ان یادداشتوں میں صحت، تعلیم، تکنیکی تربیت، سیاحت، شہری ہوا بازی، زراعت، ماہی گیری، دفاع، بحری سلامتی، قانون نافذ کرنے والے اداروں، سول سروس، سماجی تحفظ، ثقافت اور نوجوانوں سمیت دیگر شعبوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔

مشترکہ میڈیا گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے ملاقات کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ معاہدوں پر بروقت عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ دونوں ممالک کے عوام کو عملی فوائد حاصل ہوں۔

ایک خصوصی تقریب میں انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد نے مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو کو سیاست اور بین الاقوامی تعلقات کے شعبے میں اعزازی پی ایچ ڈی کی ڈگری دی۔ یہ ڈگری ان کی قیادت، عوامی خدمات اور مالدیپ کی ترقی کے لیے خدمات کے اعتراف میں دی گئی۔

وزیراعظم نے مالدیپ کے صدر اور ان کے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔

مالدیپ کے صدر کا یہ سرکاری دورہ گزشتہ 11 سال میں مالدیپ کے کسی صدر کا پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔ یہ دورہ پاکستان اور مالدیپ کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے 60 سال مکمل ہونے کے موقع پر ہو رہا ہے، جو دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط، وسیع اور باہمی طور پر فائدہ مند بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

اس سے قبل وزیراعظم ہاؤس آمد پر وزیراعظم نے صدر معیزو کا استقبال کیا اور ان کے اعزاز میں گارڈ آف آنر کی تقریب منعقد کی گئی۔

انہوں نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا اور وزیراعظم ہاؤس میں یادگار کے طور پر پودا بھی لگایا۔