نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے آج اسلام آباد میں مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو سے ملاقات کی۔
پاکستان کے مالدیپ کے ساتھ دیرینہ برادرانہ تعلقات کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، موسمیاتی تبدیلی اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔
نائب وزیراعظم نے مالدیپ پاکستان بزنس فورم میں مالدیپ کے کاروباری وفد کی شرکت کا خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ کاروباری اداروں کے درمیان روابط سے تجارت اور سرمایہ کاری کے ٹھوس مواقع میسر آئیں گے۔
صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی کو سراہا۔
انہوں نے پاکستان کے ساتھ قریبی تعلقات کو مزید وسعت دینے اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون کے نئے شعبے تلاش کرنے کی مالدیپ کی خواہش کا اظہار کیا۔