پاکستان اور یورپی یونین نے سکیورٹی، انسدادِ دہشت گردی اور علاقائی امور میں تعاون مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ فیصلہ اسلام آباد میں قانون و انصاف کے وزیرِ مملکت بیرسٹر عقیل ملک، یورپی ایکسٹرنل ایکشن سروس میں پاکستان کے لیے پالیسی افسر کونراڈ ڈوڈا اور پاکستان میں یورپی یونین کے وفد کے سیاسی، تجارتی اور مواصلاتی شعبے کے سربراہ پیوتر بسٹا کے درمیان ملاقات میں کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں فریقوں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
گفتگو میں علاقائی صورتحال، مشرقِ وسطیٰ میں امن اور مذاکرات کے فروغ کے لیے پاکستان کے کردار اور یورپی یونین کے جنرلائزڈ اسکیم آف پریفرنسز پلس فریم ورک سے متعلق امور بھی زیرِ بحث آئے۔
بیرسٹر عقیل ملک نے مشترکہ مفادات کے فروغ، علاقائی امن و استحکام اور دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان مسلسل رابطوں اور تعمیری مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا۔
دونوں فریقوں نے باہمی دلچسپی کے امور پر مسلسل تعاون کی اہمیت کا اعادہ کیا، جو پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات اور امن، سلامتی اور ترقی کے لیے ان کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔