وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان نے گزشتہ عرصے کے دوران معاشی استحکام کے ساتھ ساتھ عالمی اور سفارتی سطح پر بھی اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں، اب ضرورت اس امر کی ہے کہ ان کامیابیوں کو داخلی قوت میں تبدیل کیا جائے۔
آج اسلام آباد میں ماہانہ ترقیاتی اپ ڈیٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی توجہ برآمدات میں اضافے، سرمایہ کاری کے فروغ، صنعتی پیداوار میں بہتری، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور پاکستان کی نوجوان آبادی کو معاشی ترقی کی قوت بنانے پر مرکوز ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کے صنعتی شعبے میں پیداوار کی رفتار میں بہتری آ رہی ہے۔ جولائی 2026 میں لارج اسکیل مینوفیکچرنگ میں سالانہ بنیادوں پر 3 فیصد اضافہ ہوا جبکہ جون 2026 کے مقابلے میں جولائی میں لارج اسکیل مینوفیکچرنگ کی پیداوار میں 9.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ آٹو موبائلز، ٹرانسپورٹ آلات، تمباکو، ملبوسات، برقی آلات اور نان میٹالک منرل مصنوعات کی پیداوار میں نمایاں اضافہ صنعتی بنیاد کی مضبوطی کی عکاسی کرتا ہے۔ آٹو موبائلز کی پیداوار میں 57.01 فیصد، ٹرانسپورٹ آلات میں 40.22 فیصد، تمباکو میں 35.82 فیصد، ملبوسات میں 22.03 فیصد، برقی آلات میں 7.88 فیصد جبکہ نان میٹالک منرل مصنوعات میں 4.25 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ضروری اشیا اور خدمات کی قیمتوں میں اضافے کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے موثر اقدامات کر رہی ہے، جبکہ معاشی ترقی کے ساتھ روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا بھی معاشی حکمت عملی کا اہم حصہ ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو بھی یہ دیکھنا ہوگا کہ ان کی سیاست کہیں ملک کے مفادات کے خلاف استعمال تو نہیں ہو رہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اپنے سیاسی مقدمات قومی اسمبلی اور عدالتوں میں لڑے اور کبھی پاکستان کے خلاف کسی سازش کا حصہ نہیں بنی۔