Tuesday, 21 July 2026, 09:35:56 pm
 

مزید خبریں

 
پاکستان اور جاپان کا مشترکہ تعاون مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال
July 21, 2026

جاپان میں پاکستان کے سفیر عبد الحمید نے جاپان کے وزیرِ انصاف ہیروشی ہیراگوچی سے ٹوکیو میں ملاقات کی، جس میں پاکستان اور جاپان کے درمیان تعاون مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے مہارتوں کی ترقی، افرادی قوت کی منظم نقل و حرکت اور استعدادِ کار میں اضافے کیلئے ادارہ جاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

دونوں جانب سے اس امر کا اعادہ کیا گیا کہ عوامی سطح پر روابط پاکستان اور جاپان کے دوطرفہ تعلقات کا ایک بنیادی ستون ہیں، اور اس مشترکہ عزم کا اظہار کیا کہ ایسے عملی تعاون کو فروغ دیا جائے گا جس سے دونوں ممالک کے عوام کو براہِ راست فوائد حاصل ہوں۔

اس موقع پر دونوں فریقین نے مہارتوں کی ترقی کیلئے روزگار سے متعلق نئی مفاہمتی یادداشت کی تکمیل کیلئے جاری کوششوں کا خیرمقدم کیا۔ توقع ہے کہ یہ مفاہمتی یادداشت ہنرمند افرادی قوت کی نقل و حرکت کو آسان بنانے اور دوطرفہ اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے کیلئے ایک مضبوط ادارہ جاتی فریم ورک فراہم کرے گی۔