Sunday, 20 September 2026, 02:25:03 am
 
ساڑھے سترہ لاکھ سے زائد افراد فیول ریلیف سکیم میں رجسٹرڈ ہو چکے ہیں، شزہ فاطمہ
September 19, 2026

وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی فیول ریلیف سکیم کے تحت ساڑھے سترہ لاکھ سے زائد رجسٹریشن مکمل ہو چکی ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ تقریباً پندرہ لاکھ ٹوکن جاری کیے گئے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک بھر کے پٹرول سٹیشنز پر چھ لاکھ اسی ہزار ٹوکن پہلے ہی استعمال کیے جا چکے ہیں۔

شزہ فاطمہ نے کہا کہ شکایات کے اندراج اور ان کا ازالہ کرنے کے لیے وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن میں کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے، جو چوبیس گھنٹے کام کرے گا۔

شزہ فاطمہ نے کہا کہ پٹرول سٹیشنز پر یا رجسٹریشن کے دوران مسائل کا سامنا کرنے والے افراد 9771 پر کال کرکے شکایات درج کرا سکتے ہیں۔ 

انہوں نے واضح کیا کہ اگر صارف کے پاس متعلقہ گاڑی کے دستاویزات اور اس کی تحویل موجود ہو تو موٹر سائیکل، چنگ چی یا رکشے کی ملکیت لازمی نہیں ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ رجسٹریشن اور شکایات کا پورا عمل عام ایس ایم ایس کے ذریعے رکھا گیا ہے تاکہ سمارٹ فون یا انٹرنیٹ تک رسائی نہ رکھنے والے افراد بھی سکیم سے فائدہ اٹھا سکیں۔