Sunday, 20 September 2026, 02:25:00 am
 
نائب وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس، وزیراعظم فیول ریلیف سکیم پر عملدرآمد کا جائزہ
September 19, 2026

فیول سبسڈی کے بارے میں نیشنل سٹیئرنگ کمیٹی نے ان علاقوں میں واقع پٹرول سٹیشنز کے لیے ایس ایم ایس کے ذریعے فیول ٹوکن کے حصول کی منظوری دی ہے جہاں انٹرنیٹ کی سہولت موجود نہیں۔

یہ منظوری اسلام آباد میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت کمیٹی کے اجلاس میں دی گئی، جس میں وزیراعظم کی خصوصی ریلیف سکیم پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔

آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور صوبوں کو ایسے پٹرول سٹیشنز کی فہرستیں فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جہاں انٹرنیٹ کی سہولت موجود نہیں، تاکہ انہیں بلا تاخیر سکیم میں شامل کیا جا سکے۔

کمیٹی کو بتایا گیا کہ ملک بھر میں پٹرول سٹیشنز کی بڑی تعداد اب نظام میں شامل ہو چکی ہے اور شہری فیول ٹوکن حاصل کر رہے ہیں۔ ملک بھر میں 9771 پر ایس ایم ایس کے ذریعے رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔

سٹیٹ بینک نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ گزشتہ تین دن کے دوران موصول ہونے والے ادائیگی کے تمام کلیمز مکمل طور پر نمٹا دیے گئے ہیں اور ہر روز موصول ہونے والے کلیمز پر اسی دن کارروائی کی جاتی ہے۔

اسحاق ڈار نے ہر فعال پٹرول سٹیشن کو نظام میں شامل کرنے جبکہ مستقل طور پر بند یا صرف ڈیزل فروخت کرنے والے سٹیشنوں کی نشاندہی کرکے انہیں فہرست سے نکالنے کی ہدایت کی۔

اسحاق ڈار نے صوبائی انتظامیہ کی تعریف کی اور سٹیٹ بینک کے تعاون کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ مستحق افراد تک ریلیف کی بلا رکاوٹ فراہمی جاری رہنی چاہیے۔