Sunday, 20 September 2026, 02:28:43 am
 
کوہاٹ حملہ افغانستان میں جڑیں رکھنے والے بدترین خوارج نے کیا، وزارت اطلاعات و نشریات کی مذمت
September 19, 2026

وزارت اطلاعات و نشریات نے کوہاٹ میں نماز جمعہ کے دوران شہریوں اور پولیس اہلکاروں پر وحشیانہ دہشت گرد حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

وزارت اطلاعات و نشریات کے مطابق کوہاٹ حملہ افغانستان میں جڑیں رکھنے والے بدترین خوارج نے کیا۔ دہشت گردی کا کوئی مذہب یا جواز نہیں۔

وزارت اطلاعات و نشریات نے کہا ہے کہ فتنہ الخوارج اور دیگر دہشت گرد گروہوں کی جانب سے افغان سرزمین کے استعمال پر پاکستان کو شدید تشویش ہے۔ افغانستان میں دہشت گردوں کی پناہ گاہیں اور بھرتیاں پاکستان کی سلامتی کے لیے براہ راست خطرہ ہیں۔

وزارت اطلاعات و نشریات نے افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کی جانب سے پاکستان کو سنگین نتائج کی دھمکی کو قابلِ مذمت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ افغان طالبان ذمہ داری سے بھاگنے اور پاکستان پر الزام تراشی کے بجائے اپنی سرپرستی میں پلنے والے دہشت گرد نیٹ ورکس کا خاتمہ کریں۔

وزارت اطلاعات و نشریات نے مطالبہ کیا ہے کہ افغان عبوری حکومت دوحہ معاہدے کے تحت اپنی انسدادِ دہشت گردی کی ذمہ داریاں پوری کرے۔ افغان وزارت خارجہ کی جانب سے کوہاٹ حملے کی مذمت کافی نہیں، زبانی ہمدردی کو ٹھوس اور قابلِ تصدیق کارروائیوں میں بدلنا ہوگا۔

وزارت اطلاعات و نشریات نے واضح کیا ہے کہ ہم مذاکرات کے نام پر اپنے عوام کی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والوں کو ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔ پاکستان اپنے شہریوں، حدود اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے بین الاقوامی قوانین کے تحت ہر ضروری قدم اٹھائے گا۔

وزارت اطلاعات و نشریات نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خطرات کو ہر جگہ سے ختم کرنے کا مکمل عزم اور صلاحیت رکھتا ہے۔ عالمی برادری افغان طالبان پر دباؤ ڈالے کہ وہ اس خطرے کے پورے خطے میں پھیلنے سے پہلے فیصلہ کن کارروائی کریں۔