قومی ہنگامی امدادی ادارے کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے بارشوں اور سیلاب کے لیے فوری اقدامات سے آگے بڑھ کر پائیدار اور طویل مدتی شہری منصوبہ بندی کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے سیلاب سے نمٹنے کے لیے فعال حکمت عملی کی ضرورت پر بھی زور دیا، جس میں تیاری، بنیادی ڈھانچے کی مضبوطی، ادارہ جاتی ذمہ داری اور نشاندہی کیے گئے اقدامات پر بروقت عمل درآمد پر زیادہ توجہ دی جائے۔
سیمینار کے دوران بتایا گیا کہ نکاسی آب کی صلاحیت میں اضافے، شہری ترقی، بنیادی ڈھانچے کی دیکھ بھال، بارش کے پانی کے انتظام اور ادارہ جاتی رابطہ کاری کے ذریعے سیلاب پر قابو پایا جا سکتا ہے۔