اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا ہے معرکہ حق کے دوران پاکستانی قوم نے اتحاد اور عزم کا مظاہرہ کیا اور بھارتی جارحیت کے خلاف ملک کے دفاع میں مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی رہی۔
وہ بروکلین میں معرکہ حق کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔
سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ پاکستان کی عسکری کامیابی کو موثر حکمتِ عملی اور اصولی سفارت کاری کے ذریعے ایک بڑی سیاسی اور سفارتی کامیابی میں تبدیل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عالمی برادری کے سامنے حقائق پر مبنی موقف پیش کیا، جسے عالمی دارالحکومتوں اور بین الاقوامی میڈیا میں پذیرائی حاصل ہوئی۔
پاکستان کے مستقل مندوب نے معرکہ حق کے دوران پاکستانی عوام، سیاسی و عسکری قیادت اور مسلح افواج کے غیر متزلزل اتحاد اور عزم کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔