قطر کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمٰن بن جاسم الثانی نے آج سہ پہر وزیراعظم محمد شہباز شریف کو ٹیلی فون کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اپنے برادر ممالک کے عوام کے لیے نیک خواہشات اور خیرسگالی کا تبادلہ کیا۔
وزیراعظم نے خلیجی بحران کے دوران امن کے قیام کے لیے پاکستان کی کوششوں میں قطر کی بھرپور اور مسلسل حمایت پر تہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ امن معاہدہ بہت جلد متعلقہ فریقین کیلئے دستخط کے لیے تیار ہوگا۔
قطر کے وزیراعظم نے امن کیلئے پاکستان کی قابلِ قدر کوششوں کو سراہتے ہوئے سفارتی کوششوں کو آگے بڑھانے میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے اہم کردار پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ قطر پاکستان کی کوششوں کی حمایت پر فخر کرتا ہے اور امید ہے کہ اس سے خطے میں دیرپا امن قائم ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت کا اعادہ بھی کیا۔