Saturday, 13 June 2026, 08:25:36 pm
 
پاکستان کی انگیج افریقہ پالیسی تعلقات کو وسعت دینے کے عزم کی عکاس ہے،وزیراطلاعات
June 13, 2026

وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کی انگیج افریقہ پالیسی افریقی ممالک کے ساتھ سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی تعلقات کو پائیدار بنیادوں پر مضبوط اور وسیع کرنے کے عزم کی عکاس ہے۔

انہوں نے اسلام آباد میں ''ہیپی افریقہ ڈے'' کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، افریقہ کو سفارتی شراکت داری کے طور پر دیکھتا ہے اور اسے اپنی وسیع تر خارجہ پالیسی رسائی کا ایک مرکزی ستون بھی تصور کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برسوں کے دوران پاکستان نے براعظم افریقہ میں اپنے سفارتی نیٹ ورک کو مسلسل وسعت دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افریقی ممالک کے درمیان تعاون کا دائرہ کار تجارت، تعلیم، استعداد کار میں اضافے، صحت اور دفاع سمیت مختلف شعبوں تک محیط ہے جس کا مقصد باہمی فائدہ اور مشترکہ ترقی و خوشحالی ہے۔

عطاء اللہ تارڑ نے ان شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کیلئے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا، جو افریقہ اور پاکستان کے مثبت تشخص کی بہتر عکاسی میں معاون ثابت ہوں۔

انہوں نے افریقی ثقافت، موسیقی اور ورثے کی نمائندگی کرنے والی روایات و اقدار کے فروغ کے لئے مشترکہ فورم تشکیل دینے کی تجویز دی۔ انہوں نے پاکستان اور افریقی ممالک کے درمیان ثقافتی وفود کے تبادلوں میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا۔